بھونیشور،4؍مارچ (ایس او نیوز؍ آئی این ایس انڈیا ) گو ہاٹی ہائی کورٹ کے سابق چیف جسٹس اجیت سنگھ کو اڑیسہ کا پہلا لوک آیکت مقرر کیا گیا ہے۔ایک سینئر افسر نے بتایا کہ گزشتہ ماہ ریاستی حکومت کی سلیکشن کمیٹی نے ان کے نام کی سفارش کی تھی جس کے بعد گورنر گنیشی لال نے ہفتہ کو ان کے نام کی منظوری دے دی۔سلیکشن کمیٹی کی 12 فروری کو ہوئی میٹنگ میں لوک آیکت صدر کے نام کو منتخب کر کے اسے گورنر کی منظوری کے لئے بھیج دیا گیا تھا ۔ اس اجلاس کی صدارت وزیر اعلی نوین پٹنائک نے کی تھی۔ذرائع نے بتایا کہ اینٹی کرپشن یونٹ کے دیگر ارکان کی تقرری جلد کی جائے گی۔سال 1956 میں پیدا ہوئے اجیت سنگھ نے اپنے کیریئر کا آغاز ایڈووکیٹ کے طور پر کی تھی۔ انہوں نے جبل پور میں مدھیہ پردیش ہائی کورٹ سے پریکٹس شروع کی۔ اس کے بعد اپریل 2002 میں انہیں وہاں اضافی جج مقرر کیا گیا اور 21 مارچ 2003 وہ مستقل جج بن گئے۔ اجیت سنگھ کو مارچ 2015 میں راجستھان ہائی کورٹ بھیجا گیا اس کے بعد مارچ 2016 کو گو ہائی ہائی کورٹ منتقل کیا گیا۔ریاستی حکومت نے گزشتہ ماہ سپریم کورٹ میں ایک حلف نامہ داخل کر کے کہا تھا کہ لوک آیکت کے لئے انتخاب کے عمل 31 مارچ تک مکمل کر لی جائے گی اور یہ آٹھ اپریل تک کام کرنا شروع کر دے گا۔